ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آخر کار قلمدانوں کی تقسیم کا مرحلہ مکمل،مگر ناراضی برقرار

آخر کار قلمدانوں کی تقسیم کا مرحلہ مکمل،مگر ناراضی برقرار

Sat, 29 Dec 2018 11:31:23    S.O. News Service

بنگلورو29؍دسمبر(ایس او نیوز) پانچ دن قبل کمار سوامی کابینہ میں توسیع کے بعد کل رات صدر کانگریس راہل گاندھی کی ہدایت پر نئے وزراء میں قلمدانوں کی تقسیم کو لے کر کانگریس میں اتفاق ہوگیا۔نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور کو قلمدانوں کی تبدیلی کے اس مرحلے میں سب سے بڑی قربانی اس وقت دینی پڑی جب ان سے انتہائی اہمیت کے حامل داخلہ کا قلمدان چھین لیا گیا۔ یہ قلمدان سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کے دست راست سمجھے جانے والے ببلیشور کے رکن اسمبلی ایم بی پاٹل کو دیاگیا۔ اسی طرح کابینہ کے ایک اور طاقتور وزیر ڈی کے شیوکمار کے پاس اب محکمۂ آبی وسائل کا ایک ہی قلمدان رہ گیا ہے۔ میڈیکل ایجوکیشن کا قلمدان ان سے لے کر ای توکا رام کو دیا گیا ہے۔ آر وی دیش پانڈے کے پاس مالگزاری کا اور جارج کے پاس صنعت کا قلمدان برقرار ہے۔کرشنا بائرے گوڈا وزیر دیہی ترقیات وپنچایت راج ہوں گے، ان کے پاس موجود قانون اور پارلیمانی امور کا افزود قلمدان ڈاکٹر پرمیشور کودیا گیا ہے۔ یوٹی قادر اب صرف ریاستی وزیر شہری ترقیات ہوں گے ، ان کے پاس محکمۂ ہاؤزنگ کا قلمدان تھا جو اب ہوسکوٹے کے رکن اسمبلی ایم ٹی بی ناگراج کو سونپا گیا ہے۔ جارکی ہولی برادران میں بڑے ستیش جارکی ہولی کو محکمۂ جنگلات دیا گیا ہے۔ آر بی تماپور وزیر برائے بندرگاہ اور داخلی نقل وحمل ہوں گے۔ کابینہ میں توسیع کے مرحلے میں واحد مسلم چہرہ رحیم خان کو خلاف توقع کھیل کود اور امور نوجوانان کا قلمدان دیاگیا ہے۔ پرمیشور نائک کو مزراعی اور فروغ ہنر کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ 
 


Share: